ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بغیر پلان کے منظور شدہ 65لے آؤٹس کو کابینہ کی منظوری

بغیر پلان کے منظور شدہ 65لے آؤٹس کو کابینہ کی منظوری

Fri, 22 Jan 2021 20:41:15    S.O. News Service

بنگلورو،22؍جنوری(ایس او نیوز) مکانات کی تعمیر کے لئے ترتیب دئیے گئے 65لے آؤٹس جن کے پلان کو پیشگی طور پر منظور نہیں کروایا گیا تھا، ان تمام کو کرناٹک کابینہ نے جمعرات کے روز موجود ہ پلان کے حساب سے ہی باقاعدگی دینے کا فیصلہ کیاہے۔

ریاستی وزیر داخلہ وقانون بسوراج بومئی نے کابینہ اجلاس کی تفصیلات میڈیاکو دی اور کہا کہ جو ہاؤزنگ لے آؤٹس خالص رہائشی مقاصد کے لئے ترتیب دئیے گئے ہیں لیکن ان کے لئے کرناٹکا ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے باقاعدہ منظوری نہیں لی گئی ہے، ان کو کابینہ نے موجودہ حالت کے مطابق منظورکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مزید 134ہاؤزنگ لے آؤٹس موجود ہیں جن کا معائنہ سرکاری طور پر کروانے کے بعد ان کو بھی انہیں بنیادوں پر منظوری دیدی جائے گی۔

بومئی نے کہا کہ رواں سال معذوروں کو 1500تین پہیوں کی گاڑیاں مہیاکروانے کے لئے بھی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ اس پر 12.75کروڑ روپیوں کا خرچ آئے گا۔ کرناٹک کے توسیعی نیٹ ورک کے منصوبے کے تحت ویڈیو کانفرنس کی سہولتوں میں اضافے کے لئے ریاستی کابینہ نے 35کروڑ روپیوں کے ایک منصوبے کو پاس کیا ہے۔ داونگیرے کے ہونالی تعلقہ میں آنے والے 19تالابوں کو لفٹ اریگیشن منصوبے کے تحت بھرنے کے لئے 48کروڑ روپیوں کے ایک منصوبے کو منظور کیا گیا ہے۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ریاست کے 5.5لاکھ مکانات کو بیت الخلا ء کی سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے 70فیصد گرانٹ دیا جائے گا۔ حکومت نے ہمدردی کی بنیاد پر ملازمت دینے کے لئے ضوابط میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب ہمدردی کی بنیاد پر ملازمت دینے کے مرحلہ میں شادی شدہ خواتین کو ترجیح دی جائے گی۔آنگن واڑی کارکنوں میں تقسیم کے ئے ہینڈلوم ڈیو لپمنٹ کارپوریشن سے 10.27کروڑ روپیوں کی ساڑیاں خریدی جائیں گی۔محکمہ دیہی ترقیات کے تحت سوچھ بھارت مشن۔2کے لئے حکومت کی طرف سے منظوری۔ بلدی اداروں کو اثاثوں کی گائڈنس ویلیو طے کرنے کے مکمل اختیارات دینے کی تجویز کو منظوری۔ کابینہ میں توسیع کے بعد قلمدانوں میں تبدیلی کے بعد متعدد وزراء کی برہمی کے بارے میں بومئی نے کہا کہ اس ناراضگی کو جلد ہی سلجھالیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو وزراء انہیں ملنے والے قلمدانوں سے مطمئن نہیں ہیں، ان کو وزیر اعلیٰ طلب کر کے ان سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مواقع پر قلمدانوں کی تبدیلی پر وزراء کا ناراض ہو نا واجب ہے، اس کو بات چیت کے ذریعے سلجھا لیا جائے گا۔ کابینہ میٹنگ میں چار وزراء کی غیر حاضری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بعض وزراء اپنی دیگرمصروفیات کے سبب کابینہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام وزراء ربط میں ہیں،ان کو منا لیا جائے گا۔


Share: